کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا آغاز، 150 سے زائد ممالک کے فنکار شریک

کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا آغاز، 150 سے زائد ممالک کے فنکار شریک

فیسٹیول میں موسیقی، تھیٹر، رقص، فلم اور ویژل آرٹس کے مختلف پروگرام پیش کیے جائیں گے، جبکہ فلسطینی فنکاروں کی کہانیاں بھی عالمی ثقافتی پلیٹ فارم پر پیش کی جائیں گی۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کے مطابق اس سال فیسٹیول میں تقریباً 90 فیصد پرفارمنسز نئی ہوں گی، جبکہ گزشتہ سال کی 10 سے 15 فیصد نمایاں پرفارمنسز بھی دوبارہ شامل کی گئی ہیں۔

فیسٹیول میں فلسطینی تھیٹر ڈائریکٹر اور اداکار احمد الطوباسی کا ڈراما ’اینڈ ہیئر آئی ایم‘ 2 نومبر کو پیش کیا جائے گا۔ یہ ڈراما ان کی زندگی، جنین کے پناہ گزین کیمپ میں گزارے گئے وقت، قید کے تجربات اور تھیٹر کی دنیا تک ان کے سفر پر مبنی ہے۔

منتظمین کے مطابق فیسٹیول میں امریکہ، ایران، عراق، فلسطین، لاطینی امریکہ، متحدہ عرب امارات، قطر، الجزائر، مراکش، ترکیہ اور مصر سمیت مختلف ممالک کے فنکار شرکت کریں گے۔

اس موقع پر ویژل آرٹس کی نمائش ’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘ بھی منعقد ہوگی، جس میں بنگلہ دیش، جرمنی، متحدہ عرب امارات، ایران اور ایتھوپیا کے فنکاروں کا کام پیش کیا جائے گا۔ سویڈن کی میورل آرٹسٹ ڈومی فورسٹ اور سنگاپور کے فنکار یپ ییو چونگ بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔

فیسٹیول کا آغاز 29 اکتوبر کو حمزہ اکرم قوال اینڈ برادرز کی قوالی نائٹ اور ہپ ہاپ ڈانس پرفارمنس سے ہوا، جبکہ 30 اکتوبر سے 2 نومبر تک ’میتھڈ اینڈ میڈنیس‘ کے عنوان سے نمائش احمد پرویز آرٹ گیلری میں جاری رہے گی۔

31 اکتوبر کو دی اوورکوٹ سمیت مختلف تھیٹر پرفارمنسز پیش کی جائیں گی، جبکہ 2 نومبر کو احمد الطوباسی کا ڈراما پیش ہوگا۔

آرٹس کونسل کے مطابق فیسٹیول کے زیادہ تر پروگرام عام شہریوں کے لیے مفت ہوں گے، تاہم بیشتر مفت پروگراموں میں شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن ضروری ہوگی۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026 کا اختتام 22 نومبر کو پاکستانی گلوکار سجاد علی کی پرفارمنس کے ساتھ ہوگا۔