خلاصہ
- نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت کی تامل فلم ’جیلر 2‘ نے ریلیز کے 17ویں روز ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
فلم نے رجنی کانت کی آبائی ریاست تامل ناڈو میں 200 کروڑ بھارتی روپے کا گراس بزنس کرکے اداکار کے فلمی کیریئر میں منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نے ہفتے کے روز بھارت بھر میں 7 ہزار 486 شوز سے تقریباً 6.09 کروڑ روپے کا نیٹ بزنس کیا۔
فلم کے تامل ورژن نے 3 ہزار 533 شوز سے 4.46 کروڑ روپے، ہندی ورژن نے 3 ہزار 236 شوز سے 99 لاکھ روپے جبکہ تیلگو ورژن نے 717 شوز سے 64 لاکھ روپے کمائے۔
17ویں روز کی کمائی کے بعد فلم کا بھارت میں مجموعی نیٹ بزنس 441.49 کروڑ روپے جبکہ انڈیا گراس کلیکشن 516.64 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
فلم نے ابتدائی آٹھ دنوں میں 334.35 کروڑ روپے کمائے، جبکہ دوسرے ہفتے میں مزید 95.55 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ 16ویں روز فلم کا نیٹ بزنس 5.50 کروڑ روپے تھا جو اگلے روز بڑھ کر 6.09 کروڑ روپے ہوگیا۔
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق 16ویں روز تک فلم کا دنیا بھر میں مجموعی گراس بزنس 776.95 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
تامل ناڈو میں 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنا رجنی کانت کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کی سابقہ بلاک بسٹر فلم ’جیلر‘ نے ریاست میں تقریباً 189.35 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا، تاہم ’جیلر 2‘ نے محض 17 دنوں میں یہ ریکارڈ توڑ دیا۔
فلم کی غیرمعمولی کامیابی کے بعد دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے کا بزنس کرنے کے امکانات بھی زیر بحث ہیں۔ معروف ڈسٹری بیوٹر اور تھیٹر مالک تروپور سبرامنیم نے پیش گوئی کی ہے کہ ’جیلر 2‘ دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے کمانے والی پہلی تامل فلم بن سکتی ہے۔