گلوکار شفقت امانت علی کا کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف

گلوکار شفقت امانت علی کا کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف

میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار رواں ماہ کی 28 تاریخ کو کراچی میں اپنے سروں کا جادو جگائیں گے، جس حوالے سے انہوں نے ایک پریس کانفرنس بھی کی اور اپنے کانسرٹ کی سیریز کے حوالے سے بات کی۔

شفقت امانت علی نے کہا کہ مجھے اس کانسرٹ کی ریہرسل کرنے میں کافی وقت لگا کیونکہ میں ایک انتہائی مشکل دور سے گزر رہا تھا جس نے مجھے، میرے خاندان، دوستوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور کچھ دوستوں سے بھی یہ بات چھپا رہا تھا۔

گلوکار نے انکشاف کیا کہ انہیں ملٹیپل مائیلوما خون کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی اور یہ بہت سنگین معاملہ تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ میری بون میرو بائیوپسی کی رپورٹ کلیئر آئی ہے لیکن مجھے ابھی بھی ایک خاص عمل سے گزرنا ہے جسےسٹیم سیل تھراپی کہتے ہیں۔

شفقت امانت علی کا کہنا تھا کہ جب تک میرا آٹو ٹرانسپلانٹ نہیں ہو جاتا میں یہ ادویات لے رہا ہوں جو کہ ایک طرح کی بہت ہلکی کیموتھراپی ہے اور میں ہر ہفتے اس عمل سے گزرتا ہوں لیکن اب میں صحت یاب ہو چکا ہوں۔

واضح رہے گلوکار شفقت امانت علی نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بالی وڈ میں بھی ہٹ گانے گائے ہیں جن میں متوا، تیرے نینا، بن تیرے، تیری جھکی نظر، آنکھوں کے ساگر سمیت دیگر گانے بھی شامل ہیں۔