گلوکارہ شازیہ منظور کے گھر مسلح افراد کا حملہ، جان سے مارنے کی دھمکیاں

گلوکارہ شازیہ منظور کے گھر مسلح افراد کا حملہ، جان سے مارنے کی دھمکیاں

گلوکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نعمان اور دیگر افراد نے اسلحے کے زور پر ان کے گھر پر قبضے کی کوشش کی اور انہیں زبردستی دستاویزات پر دستخط کروانے کیلئے دباؤ ڈالا۔

شازیہ منظور نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ فیاض رامے کے توسط سے پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا، درخواست میں گھر پر مبینہ حملے کے حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کو اہم ثبوت قرار دیتے ہوئے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب گلوکارہ کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ ان کی پراپرٹی کے معاملے پر اپنے منیجر کے ساتھ عدالت میں کیس چل رہا ہے، منیجر نواز کے بیٹے انہیں فون پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

شازیہ منظور کا کہنا تھا کہ ملزمان ان کے گھر آئے اور اسلحے کے زور پر ان سے دستاویزات پر دستخط کروائے، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور اس معاملے میں انصاف دلایا جائے۔

گلوکارہ نے پولیس حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔