خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں مقیم معروف پاکستانی گلوکار اور فنکار عظیم ڈار نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری بین الاقوامی آرٹ میلے ورلڈ آرٹ دبئی 2026ء کے بارہویں ایڈیشن میں بطور گیسٹ آف آنر خصوصی شرکت کی۔
عالمی نمائش کی انتظامیہ نے پاکستانی فنکار کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خصوصی وی آئی پی پروٹوکول کے تحت نمائش کا دورہ کروایا، جہاں مختلف ممالک سے شریک فنکاروں، بین الاقوامی آرٹ گیلریز اور تخلیقی فن پاروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
خصوصی وی آئی پی ٹور کے دوران عظیم ڈار نے مختلف ممالک کے فنکاروں اور آرٹ گیلریز کے اسٹالز کا دورہ کیا اور مصوری، مجسمہ سازی، جدید تخلیقی فنون اور ڈیجیٹل آرٹ کے نمونوں کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور عالمی معیار کے فن پاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرٹ اور موسیقی مختلف تہذیبوں اور قومیتوں کے درمیان ثقافتی روابط مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہیں، انہوں نے ورلڈ آرٹ دبئی جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کو دنیا بھر کے فنکاروں کیلئے اپنی صلاحیتیں اور ثقافتی ورثہ متعارف کروانے کا اہم موقع قرار دیا۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق عظیم ڈار نے اپنے دورے کے دوران دبئی پولیس کے پویلین کا بھی وزٹ کیا، جہاں انہوں نے دبئی پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے یادگاری سووینئرز، منفرد تخلیقی اشیا اور فن پاروں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔
انہوں نے پویلین میں موجود مختلف اشیا کا تفصیلی جائزہ لیا اور دبئی پولیس کی جانب سے ثقافتی و تخلیقی سرگرمیوں میں شرکت کو سراہا، پاکستانی گلوکار نے متحدہ عرب امارات میں فنونِ لطیفہ، ثقافتی ہم آہنگی اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
ورلڈ آرٹ دبئی 2026ء میں 65 سے زائد ممالک کے 300 سے زیادہ نمائش کنندگان تقریباً 10 ہزار فن پارے پیش کر رہے ہیں۔ 19 سے 22 نومبر تک جاری رہنے والے اس عالمی میلے میں مصوری، مجسمہ سازی، فوٹوگرافی اور جدید فنون کے مختلف نمونے نمائش کیلئے رکھے گئے ہیں۔
عظیم ڈار نے انتظامیہ کی جانب سے بطور مہمانِ اعزاز مدعو کیے جانے، خصوصی استقبال اور وی آئی پی پروٹوکول پر شکریہ ادا کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کو مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کے فنکاروں کیلئے اہم بین الاقوامی مرکز قرار دیا۔
انہوں نے آرٹ، موسیقی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔