اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ماحولیاتی تبدیلی کی وفاقی وزیر زرتاج گل نے سینیٹ الیکشن میں اپنے ووٹ ضائع کرنے کی سوشل میڈیا کی خبروں کو جھوٹا قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر کل سے خبریں چل رہی ہیں کہ گزشتہ روز سینیٹ الیکشن کے دوران پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار سیّد یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں حکومتی امیدوار عبد الحفیظ شیخ کی شکست کے بعد مسترد شدہ ووٹوں میں ایک نام وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کا بھی ہے۔
ان خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا پر چلنے والی مضحکہ خیز افواہوں کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔ نہ وزیراعظم نے اپنا ووٹ ضائع کیا، نہ ہی میں نے!
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری تیاری کی تھی اور لوازمات سے پوری طرح واقف ہیں۔ اپوزیشن کے جھوٹ محض گمراہ کرنے کے لئے ہیں۔ یہ ایک قابل افسوس امر ہے، ان میں کوئی صداقت نہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ایم این اے رانا ثناء اور پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوید قمر نے وزیراعظم اور میرے پر ووٹ ضائع کرنے کے من گھڑت الزامات لگائے ہیں۔ میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتی ہوں کہ ووٹوں کی جانچ پڑتال کریں اور جھوٹ پر مبنی الزامات لگانے پر رانا ثناء اور نوید قمر کے خلاف ووٹ کے استحقاق کو مجروح کرنے کی سزا دی جائے۔