ملک میں فرانسیسی جھنڈے لہرانے کی پوسٹیں اور ویڈیو جعلی قرار

Published On 12 March,2021 06:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں 8 مارچ کو ویمن ڈے منایا گیا، اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں خواتین کی جانب سے عورت مارچ کا اہتمام کیا گیا، اسی حوالے سے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک، ٹویٹر اوریوٹیوب پر متعدد تصاویر اور ویڈیوز دیکھی جا رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عورت مارچ میں فرانسیسی جھنڈا لہرا یا گیا ہے، یہ دعویٰ جعلی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 9 مارچ 2021ء کو ایک پوسٹ شیئر کی گئی ، یہ پوسٹ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن مسرور بداوی نے شیئر کی۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ افسوس! عورت مارچ میں فرانس کا پرچم لہرا کر یہ بتایا گیا کہ عورت مارچ والیاں ،توہین رسالت کرنے والے فرانس جس کا پاکستان بھر میں بائیکاٹ چل رہا ہے، ان کی حامی ہیں؟

یاد رہے کہ پاکستان بھر میں 8 مارچ کو ویمن ڈے کے موقع پر خواتین نے عورت مارچ کا اہتمام کیا ا اور اپنے حقوق کے لیے صدائیں بلند کیں۔

اے ایف پی کے مطابق یہ پوسٹ گزشتہ چند مہینوں سے وائرل ہو رہی ہے، فرانسیسی صدر کے خلاف احتجاج کے دوران یہ پوسٹیں وائرل ہو رہی ہیں۔ جبکہ یہ پوسٹیں فیس بک کے ساتھ ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق یہ دعویٰ میڈیا پر بھی شائع کیا گیا، فیس بک پر 72 نیوز نامی یوٹیوب چینل پر بھی شیئر کیا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق پاکستان کے مقامی میڈیا چینل کی ایک اینکر ویڈیو میں بتا رہی ہے کہ گزشتہ روز پاکستان بھر میں ویمن ڈے منایا گیا، اس مارچ میں کیا کچھ ہوا پوری قوم نے ٹی وی سکرین پر دیکھ لیا۔ لیکن یہاں سب سے اہم چیز جو بتانے والی ہیں وہ یہ کہ اس مارچ میں غیر ملکی جھنڈے بھی لہرائے گئے۔ کس ملک کا یہ جھنڈا تھا، آئیے اس ویڈیو کو دیکھیں اور فیصلہ کریں کیوں، کیا اور کہاں کا یہ جھنڈا ہے۔

ویڈیو میں بتایا گیا کہ یہ جھنڈا فرانس کا ہے اور فرانسیسی جھنڈے کو عورت مارچ کیوں لہرا رہا ہے؟ یہاں بتاتے چلیں کہ یہ دعویٰ جعلی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق عورت مارچ کی ایک خاتون نے بتایا کہ ہمارے مارچ میں فرانس کا جھنڈا نہیں لہرایا گیا۔
 

Advertisement