گلوکار عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی کی منگنی کی خبریں جعلی قرار

Published On 07 July,2021 05:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے ماڈل میرب علی کے ساتھ اپنی منگنی کی افواہوں سے متعلق پھیلنے والے ایک سکرین شاٹ کو جعلی قرار دے دیا۔

ایک روز قبل عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی کی افواہیں پھیلی تھیں اور 6 جولائی کو عاصم اظہر کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا تھا۔

منگنی کی افواہیں پھیلنے کے بعد عاصم اظہر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی جعلی پوسٹ بنا کر وائرل کی گئی تھی، جسے اب گلوکار نے جعلی قرار دیا ہے۔

گلوکار کے اکاؤںٹ پر بنائی گئی جعلی پوسٹ میں عاصم اظہر کے نام سے وضاحتی پیغام شیئر کیا گیا تھا، جس میں میرب علی کو انہوں نے اپنی بہنوں کی طرح بتایا تھا۔

عاصم اظہر کے نام سے منسوب جعلی پیغام میں لوگوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ گلوکار اور ماڈل میرب علی سے متعلق غیر تصدیق شدہ معلومات نہ پھیلائیں۔ تاہم مذکورہ جعلی پیغام وائرل ہونے کے بعد عاصم اظہر نے اپنی ٹوئٹ میں واضح کیا کہ مذکورہ پیغام جعلی ہے۔

عاصم اظہر نے ٹوئٹ میں مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مداح سے ان کے نام سے کی گئی چیٹ کا پھیلایا گیا سکرین شاٹ جعلی ہے اور مہربانی کرکے اسے مزید پھیلانے سے گریز کریں۔ اپنی زندگی سے متعلق ہر طرح کے فیصلے کا اعلان ہمیشہ کی طرح واضح طور پر کروں گا۔
 

Advertisement