انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی میں صدررجب طیب اردوان کی صحت سے متعلق جعلی خبریں پھیلائی جانے لگیں جس پر متعلقہ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں حکام نے 30 افراد کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے جن پر صدر رجب طیب اردوان کی صحت سے متعلق ٹویٹس کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کا الزام ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ان افراد نے ہیش ٹیگ ’اولمس‘ کا استعمال کرتے ہوئے ٹویٹر پر غلط مواد پوسٹ کیا۔ ترک زبان میں اولمس کا مطلب موت ہے۔ یہ ہیش ٹیگ جلد ہی ٹرینڈ کرنے لگا اور اس دوران ترک صدر کی صحت سے متعلق افواہیں گردش کرنے لگیں۔
ترک صدر کے حامیوں نے افواہوں کو رد کرنے کے لیے ان کی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کی تصاویر پوسٹ کیں۔ ان کے مخالف سیاستدان اکثر ان کی صحت سے متعلق سوال کرتے رہتے ہیں جبکہ گزشتہ کئی برسوں سے اس بارے میں غیر مصدقہ اطلاعات آتی رہی ہیں۔
یاد رہے کہ رجب طیب اردوان کی آنت کا آپریشن 2011 میں ہوا تھا۔ اس کے بعد سے کئی مرتبہ اس بات کی تردید کر چکے ہیں کہ انہیں کینسر ہے۔ اس وقت رجب طیب اردوان کی عمر 67 برس ہے۔
Dosta güven, düşmana korku… pic.twitter.com/ljoR6UEAuI
— Fahrettin Altun (@fahrettinaltun) November 3, 2021
Sağlık için spor yapmak çok çok önemli. Ben de haftada üç gün spor yapmaya gayret ediyorum. Harekette bereket vardır. pic.twitter.com/7sDmQV7MSp
— Recep Tayyip Erdoğan (@RTErdogan) October 3, 2021
بی بی سی کے مطابق اردوان کی صحت سے متعلق تازہ قیاس آرائیوں کے بعد حکمران جماعت اے کے پی کی جانب سے صدر کی کئی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں جن میں وہ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ صدر نے انقرہ میں کئی تقریبات میں شرکت کی جو ان کی سیاسی جماعت کے اقتدار میں آنے کی 19ویں سالگرہ سے متعلق تھیں۔