اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترکی اور شام میں زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان میں زلزلے سے متعلق پیش گوئیاں گردش کرنے لگیں جنہیں محکمہ موسمیات نے مسترد کرتے ہوئے جعلی قرار دے دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں زلزلے سے متعلق پیش گوئیاں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کی فالٹ لائنز میں مماثلت نہیں پائی جاتی۔
انہوں نےکہا کہ سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں ہے کیونکہ یہ پیش گوئیاں کسی سائنسی بنیاد کے بغیر کی گئی ہیں اس لئے ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہمارا پنا جدید مانیٹرنگ نظام ہے جو ترکی اور شام میں زلزلے کے آفٹرشاکس کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے ہولناک زلزلے میں ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے، ترکیہ میں علی الصبح 7.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کے بعد اس کے تقریباً 10 گھنٹے بعد ایک اور 7.5 شدت کا زلزلہ آیا۔
زلزلے کی وجہ سے دونوں ملکوں میں تقریباً تین ہزار کے قریب عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں جن کے ملبے میں اب بھی کئی لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔