ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے اپنے خلاف جعلی اور بے بنیاد خبریں نشر کرنے والوں کی خلاف سخت ایکشن لے لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نے سٹوری اپلوڈ کی جس میں انہوں نے جھوٹ پر مبنی خبریں نشر کرنے والوں کو خبردار کر دیا۔
کریتی سینن حال ہی میں کافی ود کرن شو کی مہمان بنیں جس کے بعد ان کے خلاف کچھ خبریں اور مضمون شائع ہوئے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ تجارتی پلیٹ فارم کی تشہیر کر رہی ہیں۔
انسٹا گرام پر جاری اپنے بیان میں کریتی سینن نے ان تمام میڈیا پورٹل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میرے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں جعلی اور بے بنیاد ہیں کہ میں تجارتی پلیٹ فارم کی تشہیر کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ خبریں یا مضمون حقیقت سے بالکل برعکس ہیں اور ان میں کوئی سچائی نہیں، اس کی وجہ سے میری ساکھ کو نقصان پہنچا، میں نے شو میں اس متعلق کوئی بیان نہیں دیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ تمام مضامین ہتک آمیز ہیں اور مجھے تجارتی پلیٹ فارمز کے ساتھ غلط طریقے سے منسلک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے لوگوں کو خبر دار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ میں نے ایسے جھوٹے مضامین اور رپورٹس کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے اور قانونی نوٹس جاری کر دیا ہے، میری سب سے گزارش ہے کہ ایسی جھوٹی، جعلی اور ہتک آمیز رپورٹس سے ہوشیار رہیں۔