عمیر جیسوال کی اپنے نام سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل ٹویٹ کی تردید

Published On 21 January,2024 09:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ثنا جاوید کی قومی کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ دوسری شادی کے بعد اُن کے سابق شوہر عمیر جیسوال کے نام سے منسوب جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کی پوسٹ وائرل ہوگئی۔

رپورٹ کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر عمیر جیسوال کے نام سے منسوب اکاؤنٹ کی پوسٹ وائرل ہوئی جس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی تصویر پوسٹ کی گئی تھی۔

پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ "خاور مانیکا اور میرا (عمیر جیسوال) کا غم ایک جیسا ہے، ہم دونوں کی کہانی بھی ایک جیسی ہے"، یہ پوسٹ جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداحوں کو یہی لگا کہ یہ گلوکار عمیر جیسوال کا آفیشل اکاؤنٹ ہے اور اُنہوں نے ثنا جاوید اور شعیب ملک کی شادی پر ردعمل دیا ہے۔

مداحوں کے تبصروں سے تنگ آکر بالآخر عمیر جیسوال نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام ہینڈل کی سٹوری میں مذکورہ ایکس اکاؤنٹ کا سکرین شاٹ شیئر کیا،عمیر جیسوال نے کہا کہ "یہ میرا اکاؤنٹ نہیں ہے بلکہ کسی نے میرے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ بنایا ہے"۔

واضح رہے کہ ثنا جاوید نے سال 2020 میں گلوکار عمیر جیسوال سے پہلی شادی کی تھی، اس جوڑی نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھیں اورسال 2023 کے آخر میں اس جوڑی کی طلاق کی خبر سامنے آئی تھی۔