لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارتی ریپر و گلوکار بادشاہ سے تعلقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران متعدد معاملات پر کھل کر بات کی۔
اسی انٹرویو کی وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو میں ہانیہ عامر نے بھارتی ریپر بادشاہ سے دوستی اور تعلقات پر بھی بات کی۔
ہانیہ عامر نے واضح کیا کہ ان کی بادشاہ کے ساتھ صرف دعا سلام والی دوستی ہے جبکہ ان سے تعلقات سے متعلق خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، جنہیں پڑھ کر انہیں افسوس بھی ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک بار بادشاہ نے ان کی کسی انسٹاگرام ریل پر کمنٹ کیا تھا جس سے متعلق مداحوں نے انہیں مینشن کر کے بتایا، بادشاہ کی جانب سے پوسٹ پر کمنٹ کیے جانے کے بعد انہوں نے بھارتی گلوکار کو ڈائریکٹ میسیج (ڈی ایم) بھیجا اور ان سے دعا سلام کی جس کے بعد ان کے درمیان دوستی ہوگئی۔
ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ ان کے غیر شادی شدہ ہونے کی وجہ سے ہمیشہ ان کے تعلقات سے متعلق افواہیں اور خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ان کے غیر شادی شدہ ہونے میں ان کی کوئی غلطی یا قصور نہیں اور لوگوں کو صرف ان کی ازدواجی حیثیت کی وجہ سے ایسی خبریں نہیں پھیلانی چاہیے۔
ان کی بات سے میزبان نے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ کسی کے بھی غیر شادی شدہ ہونے کی وجہ سے ان کے رومانوی تعلقات کی افواہیں نہیں پھیلائی جانی چاہئیں۔
خیال رہے کہ ہانیہ عامر اور بادشاہ کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملاقاتوں کی ویڈیوز اور تصاویر پہلی بار دسمبر 2023 میں وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد دونوں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے حوالے سے بات بھی کرتے دکھائی دیئے۔