لاہور:(دنیا نیوز) پرویز الہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہیٰ نے اپنے خاندان کی چودھری شجاعت کے ساتھ صلح کی تردید کردی۔
قیصرہ الہیٰ کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین کا چودھری پرویزالہیٰ کی رہائی میں کوئی کردار نہیں، کسی قسم کی کوئی خاندانی صلح نہیں ہوئی، یہ سب باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں، پرویزالہیٰ کی رہائی اللہ کے کرم سے ہوئی، عدالتوں نے ہمیں انصاف فراہم کیا۔
اہلیہ پرویز الہیٰ نے کہا کہ میرے شوہر نے چودھری شجاعت کو ایک پیغام دیا ہے کہ جب تک ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس نہیں ہو گا کوئی بات نہیں ہو گی، مونس الہیٰ ہی نہیں بلکہ چودھری پرویز الہیٰ بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہیں گے۔
قیصرہ الہیٰ کا کہنا تھا کہ چودھری پرویزالہیٰ نے اپنے حالیہ بیان میں بھی اس بات کو واضح انداز میں کہا ہے کہ وہ ق لیگ میں جانے کو تیارنہیں اور نہ آئندہ ایسا ہو گا، یہ سب بے بنیاد باتیں ہیں، ق لیگ اب ایک ایسی جماعت بن چکی ہے جو چوری کے مینڈیٹ پر قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی عقل اور شعور رکھنے والا شخص ق لیگ کا ممبر نہیں بن سکتا، چودھری شجاعت کے دونوں بیٹے ہمارے خلاف جھوٹ پھیلانے میں مصروف رہتے ہیں، پچھلے سال سوا سال سے یہ دونوں بھی مختلف ذرائع سے اس طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں ناجانے یہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلا کر کیا مقاصد حاصل کرنے چاہتے ہیں۔