اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے لاہور کے کچھ انتخابی حلقوں کے فارمز 45 کی کمیشن کی ویب سائٹ پر غیر موجودگی کی خبروں کی تردید کردی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے عوام الناس کو گمراہ کرنے کی کوششوں سے تعبیر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فارمز 45 کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک پی پی 159 لاہور کا تعلق ہے تو اس کے تمام فارم 45 اور فارم 46 بھی کمیشن کی ویب سائٹ پر پہلے ہی موجود تھے، اس نوعیت کی مزید بھی گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ مختلف انتخابی حلقہ جات کے کیسز اب الیکشن ٹربیونلز میں زیر سماعت ہونے کے باعث الیکشن کمیشن اس پر مزید کمنٹ کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔