لاہور:(ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بنگلہ دیش کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر ہو رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی مختلف تصاویر اور ویڈیوز میں دو خاص تصاویر ایسی ہیں جو کافی وائرل ہوئیں مگر ان کا تعلق بنگلہ دیش سے نہیں ہے، ایک تصویر میں لوگوں کو بنگلہ دیش کے وزیراعظم ہاؤس کے سوئمنگ پول میں نہاتے دکھایا گیا تو دوسری تصویر میں یہ دکھایا گیا کہ مظاہرین شیخ حسینہ کے کمرے میں موجود بیڈ پر آرام کر رہے ہیں
ان تصاویر کو گوگل لینز پر موجود ’ایمج سرچ‘ کے ذریعے تلاش کیا تو سرچ میں آنے والے نتائج سے معلوم ہوا کہ یہ تصاویر 2022 میں سری لنکا میں احتجاجی مظاہروں کے دوران لی گئی تھیں، سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران کے درمیان سری لنکا کے سابق صدر گوتابایا راجا پاکسے کی سرکاری رہائش گاہ میں مظاہرین داخل ہوئے تھے اور صورتحال ویسی ہی تھی جو گزشتہ روز بنگلہ دیش میں تھی۔
واضح رہے جولائی 2022 میں سری لنکا کے صدر بڑھتے احتجاجی مظاہروں کے بعد مستعفی ہو کر ملک سے چلے گئے تھے جس کے بعد مظاہرین ان کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوئے تھے۔