نیو دہلی :(ویب ڈیسک ) پیرس اولمپکس کے بعد بھارتی جیولن سٹار نیرج چوپڑا اور معروف شوٹر منو بھاکر کے درمیان ممکنہ رومانوی تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیوں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا۔
دونوں ایتھلیٹس کے درمیان رومانوی تعلقات کے چرچا کا آغاز اس وقت ہوا جب اولمپکس کے بعد بھارت میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں نیرج چوپڑا اور منو بھاکر کو گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے سے بات کرتے دیکھا گیا، اس موقع پر جیولن تھرو سپیشلسٹ نے منو بھاکر کی والدہ سے بھی باتیں کیں۔
اس حوالے بھارتی شوٹنگ سٹار منو بھاکر کے والد رام کشن نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی بیٹی کی ابھی شادی کی عمر نہیں اور یہ قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں،رام کشن نے منو بھاکر کی ماں اور نیرج کے درمیان خاندانی تعلق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سٹار جیولین تھروور کو اپنا بیٹا سمجھتی ہیں۔
ادھر نیرج چوپڑا کے چچا نے بھی ایتھلیٹ کی شادی سے متعلق افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیرج کی ذاتی زندگی کے بارے میں کوئی بھی بڑی خبر صحیح وقت پر منظر عام پر لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024کے جیولن تھرو ایونٹ میں نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ منو بھاکر نے شوٹنگ مقابلوں میں دو کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔