ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود، قلت بارے خبریں بے بنیاد ہیں: رانا تنویر حسین

ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود، قلت بارے خبریں بے بنیاد ہیں: رانا تنویر حسین

وفاقی دارالحکومت میں رانا تنویر حسین کی زیر صدارت نیشنل ویٹ اوورسائٹ کمیٹی کا 12واں اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں گندم کی خریداری، موجودہ ذخائر اور طلب و رسد کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں گندم کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں،وفاق اور صوبوں کے درمیان گندم کی ترسیل اور کوآرڈینیشن کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے متعلقہ اداروں کو گندم کی خریداری اور سٹاک رپورٹنگ کے نظام کی سخت نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ گندم کی قلت سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور غلط معلومات پر مبنی ہیں اور صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے۔

رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں جو ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں، حکومت غذائی تحفظ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ گندم کی خریداری اور ترسیل کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا، حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔