خلاصہ
- تہران :(دنیا نیوز) امریکی اخبار کے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کے اعلان کے دعوے کے بعد ایرانی وزارت خارجہ نے ان اطلاعات کی تردید کردی ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے سمندری ریڈیو چینلز پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا لبنان سے انخلا، امریکی بحری ناکہ بندی کا مکمل خاتمہ اور خلیج فارس سے امریکی افواج کا انخلا امریکا ایران معاہدے کی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ان شرائط پر عملدرآمد تک آبنائے ہرمز بند رہے گی، تمام بحری جہاز آبنائے ہرمز کے قریب نہ جائیں، ہدایت کی خلاف ورزی پر بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات کا اگلا دور شروع کرنے پر ثالثوں کے ذریعے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
علاوہ ازیں ایران کی پرشین گلف سٹریٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط کے مطابق درخواست دینے والے بحری جہازوں کو گزرنے دیا جائے گا، بحری جہازوں کو یہ سہولت مفاہمتی یادداشت کے تناظر میں دی جائے گی۔