اسرائیل کے جنوبی لبنان پر حملے، 16 افراد شہید، 4 صیہونی فوجی ہلاک

اسرائیل کے جنوبی لبنان پر حملے، 16 افراد شہید، 4 صیہونی فوجی ہلاک

لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی نے بتایا کہ رات بھر جاری رہنے والی یہ بمباری علاقے پر ہونے والے شدید ترین اسرائیلی حملوں میں سے ایک تھی، جس میں آدھی رات کے بعد متعدد گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے نبطیہ شہر، کفر جوز، کفر رمان اور زبدین سمیت کئی قریبی قصبوں پر گولہ باری کی، اس کے بعد فضائی حملوں کی لہر نے کفر تبنیت اور ریحان کی پہاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔

خبر ایجنسی کے مطابق نبطیہ اور حروف میں کم از کم 8 افراد جاں بحق ہوئے، الشرقیہ اور دویر کے درمیان ایک گھر پر حملے میں 4 افراد مارے گئے، جبکہ کفر صیر کے قصبے میں ایک حملے کے نتیجے میں 3 افراد جان سے گئے۔

دویر میونسپلٹی کی عمارت کے قریب ایک موٹر سائیکل پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صبح ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کے ایک ریزرو افسر شدید زخمی جبکہ تین ریزرو نان کمیشنڈ افسران اور ایک نان کمیشنڈ افسر معمولی زخمی بھی ہوئے۔

اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گیور نے لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اپنے چار فوجیوں کی ہلاکت کے اعلان کے بعد کہا کہ پورے لبنان کو جلا دینا چاہئے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا امن کی توقع رکھتا ہے، لبنان، حزب اللہ اور اسرائیل سے تمام محاذوں پر جنگ بندی کی توقع ہے جبکہ عراقی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی یقینی بنانا امریکا کی ذمہ داری ہے۔

دوسری طرف اسرائیل کے وزیراعظم نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل لبنان کی زمین چھوڑے گا نہ فوج نکالے گا۔