بھارت میں حسن علی پر تشدد کی افواہوں کے بعد اہلیہ کی تردید

بھارت میں حسن علی پر تشدد کی افواہوں کے بعد اہلیہ کی تردید

حال ہی میں بھارتی سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حسن علی کو بھارت میں ٹرین میں جیب تراشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

تاہم ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ایک مختلف نوجوان ہے، جس کی شکل حسن علی سے بامشکل ہی مشابہت رکھتی ہے۔

وائرل ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے حسن علی کی اہلیہ سامیہ خان نے کہا کہ ہم گزشتہ 3 برس سے بھارت نہیں گئے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے الیکٹرانک، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کو کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل اس کی تصدیق ضرور کرنی چاہیے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سامیہ خان نے لکھا کہ بس دکھ صرف اس بات کا ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کتنے معصوم ہیں جو کسی بھی جھوٹی خبر پر یقین کر کے اسے آگے پھیلا دیتے ہیں۔

بھارت گئے ہوئے 3 سال ہو گئے، لگتا ہے لوگ ہمیں وہاں بہت یاد کر رہے ہیں، بس بلانے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر متعدد پاکستانی صارفین نے بھارتی میڈیا اور بعض سوشل میڈیا صفحات کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں موجود شخص کی حسن علی سے کوئی واضح مشابہت نہیں، جبکہ بعض نے دعویٰ کیا ہے کہ بغیر تصدیق کے ایسی گمراہ کن معلومات پھیلانا غیر ذمے دارانہ طرزِ عمل ہے۔

واضح رہے کہ دائیں ہاتھ سے فاسٹ بولنگ کرنے والے حسن علی نے اپنے کیریئر میں کئی یادگار کامیابیاں سمیٹیں، وہ 2017ء آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا اہم حصہ تھے، جبکہ فائنل میں بھارت کے خلاف 3 وکٹوں کے عوض 19 رنز کی عمدہ کارکردگی ان کے کیریئر کے نمایاں لمحات میں شمار ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ 2021ء کی ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف 5 وکٹیں حاصل کرنا بھی ان کی اہم کامیابیوں میں شامل ہے۔

یاد رہے انہوں نے 2019ء میں بھارتی شہری سامیہ خان سے شادی کی تھی اور اس جوڑی کی 3 بیٹیاں ہیں۔