نیویارک: (روزنامہ دنیا) کم چکنائی والا دودھ بڑھاپے کی رفتار کو کم کرسکتا ہے اور ایک سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ اس کے استعمال سے انسانی کروموسوم کے سرے پر موجود ٹیلومریز کے سکڑنے کی رفتار سست ہوجاتی ہے۔
اب ماہرین نے کم درجے کی چکنائی اور ٹیلومریز کے درمیان ایک تعلق دریافت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تحقیق کی بنا پر انسانی زندگی میں کئی برس کا اضافہ ممکن ہے۔ برگھم ینگ یونیورسٹی کے محققین نے 5834 ایسے افراد کو بھرتی کیا جو مختلف اقسام کے دودھ باقاعدگی سے پیتے تھے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ زائد چکنائی والے دودھ پینے والوں میں ٹیلومریز چھوٹے دیکھے گئے اور جنہوں نے دو فیصد چکنائی والا دودھ پینے کا عمل جاری رکھا ان کے ٹیلومریز قدرے طویل تھے جو زندگی میں چار سال کے اضافے کے برابر ہوسکتا ہے۔
تاہم دیگر ماہرین نے اس سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ شاید جو لوگ دو فیصد چکنائی والا دودھ پیتے ہیں وہ ورزش، خوراک اور اپنی صحت کا بہتر خیال بھی رکھتے ہیں اور ان باتوں کو سروے میں شامل نہیں کیا گیا،یہی وجہ ہے کہ ناقدین نے اس پر مزید تحقیق پر زور دیا ہے۔