پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں میں ویکسی نیشن لگوانےکا رجحان بڑھایا نہ جاسکا، صوبہ میں کم و بیش 5 لاکھ سرکاری ملازمین میں اب تک صرف 80 ہزار ملازمین کی ویکسی نیشن ہو سکی۔
خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین کورونا سے بچائو کی ویکسی نیشن سے کترانے لگے، ملازمین میں ویکسین لگوانے کا رجحان انتہائی کم ہے۔ خیبر پختونخوا میں مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین میں کورونا سے بچائو کی ویکسینیشن لگوانے میں عدم دلچسپی سامنے آئی ہے، صوبہ بھر میں کم و بیش 5 لاکھ سرکاری ملازمین ہیں لیکن اب تک صرف 80 ہزار ملازمین کی ویکسی نیشن کی گئی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین سے متعلق بھی ٹھوس منصوبہ بندی کرے۔
معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ این سی او سی کی واضح ہدایات پرسختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے، ویکسی نیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں روکنے سمیت محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔
صوبے کے 20 محکموں کو رواں ماہ 30 جون اور12 محکموں کو 15 جولائی تک ملازمین کی ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد ملازمین کا سرکاری دفاتر میں داخلہ بند کردیا جائیگا۔