برلن: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یورپی سنٹر فار ڈیزیز پریونشن اینڈ کنٹرول نے کہا ہے کہ کوویڈ 19انفیکشن کی ایک اور لہر یورپ میں شروع ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ پورے خطے میں کیسز بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے یورپ کے ڈائریکٹر ہنس کلوج اور ای سی ڈی سی کی ڈائریکٹر اینڈریا امون نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اگرچہ ہم وہاں نہیں ہیں جہاں ہم ایک سال قبل تھے، لیکن یہ واضح ہے کہ کووڈ۔19 کی وبائی بیماری ابھی ختم نہیں ہوئی ہے، ہم بدقسمتی سے یورپ میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے اشارے بڑھتے دیکھ رہے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کورونا وائرس انفیکشن کی ایک اور لہر ممکنہ طور شروع ہو گئی ہے لٰہذا یورپی ممالک موسمی انفلوئنزا کے کیسز میں متوقع اضافے سے پہلے فلو اور کوویڈ 19 دونوں ویکسین لگائیں۔
واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او کے خطہ وار اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں صرف یورپ میں کوویڈ19 کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔