کراچی : (ویب ڈیسک ) کراچی کے آغا خان ہسپتال اور یونیورسٹی کے عملے سمیت طلبا بھی بڑی تعداد میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے ہسپتال اوریونیورسٹی میں تمام عملے اور طالب علموں کوبذریعہ خط الرٹ جاری کردیا۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کچھ روز سے عملے، اساتذہ اور طالبعلموں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے، خوش قسمتی سے تمام افراد میں کورونا کی معمولی علامات سامنے آئی ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ نے خط میں مزید لکھا کہ کچھ افراد میں موسمی فلو کی علامات بھی سامنے آئی ہیں، ہسپتال اور یونیورسٹی میں اس سلسلے میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے ، ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ماحول میں اب بھی کورونا وائرس موجود ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوجوان اور مضبوط قوت مدافعت والوں کو زیادہ خطرہ نہیں، تاہم بزرگ افراد اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں ، آغا خان ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ ہسپتال کے عملے، اساتذہ اور طالب علموں کے کورونا کے ٹیسٹ کیے جائیں، کورونا ویکسین لگے ہوئے اگر 6 ماہ سے زائدکا عرصہ ہوگیا ہے تو بوسٹر ڈوز لگوانا ہوگی۔