نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی ابتدا کی تحقیقات کے لیے نیا مشن چین بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی ابتدا کی تحقیقات کے لیے چین سے تفتیش کاروں کو مکمل رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی ابتدا کی تحقیقات کے لیے چین سے معلومات مانگی ہیں، چین رضامند ہوگا تو ڈبلیو ایچ او کا تحقیقاتی مشن چین بھیجیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس 2019 کے آخر میں چین کے شہر ووہان میں سامنے آیا تھا جس نے پوری دنیا میں تباہی مچائی تھی۔
سائنسدانوں کا شروع سے ماننا ہےکہ یہ وائرس چین کے شہر ووہان کی وائلڈ لائف مارکیٹ سے کسی جانور کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوکر پھیلنا شروع ہوا مگر اب تک اس کا ثبوت نہیں مل سکا تھا۔