لاہور : (دنیانیوز) لاہور سمیت چار اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم آج دوسرے روز بھی جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے پہلے روز لاہور میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ، راولپنڈی میں ایک لاکھ 84 ہزار بچے پولیو ویکسین سے مستفید ہوئے، شیخوپورہ میں 2 لاکھ 45 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
اسی طرح راجن پور میں ایک لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے دئیے گئے جبکہ پہلے روز مجموعی طور پر 10 لاکھ 61 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم 5 نومبر تک جاری رہے گی ، شیخوپورہ اور راجن پور میں مہم 3 نومبر تک چلائی جائے گی، چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 32 ہزار پولیو ورکرز مصروف عمل ہیں جبکہ لاہور میں 14 ہزار پولیو ورکرز مہم کا حصہ ہیں۔
خصوصی مہم میں پانچ سال تک کے 42 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، لاہور میں 20 لاکھ 85 ہزار، راولپنڈی 10 لاکھ اور راجن پور میں 5 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔