کراچی: (دنیا نیوز) سعودی عرب سے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے 6 مسافروں کا ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ مسافروں کو کوویڈ19 کی ممکنہ علامات کے پیش نظر ٹیسٹ کیا گیا تھا، متاثرہ 3 مسافر جدہ جبکہ 3 ریاض سے کراچی ایئرپورٹ پر پہنچے، اب تک بیرون ملک سے کراچی ائیرپورٹ پہنچنے والے 15 مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔
ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کے پندرہ مثبت کیسوں میں سے 11 مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ مثبت جبکہ 4 کے نتائج آنا باقی ہیں، 11 مثبت پی سی آر ٹیسٹ کیسز میں سے 2 مسافروں کے جے این ون ویریئنٹ مثبت ہیں، اب تک جے این ون ویریئنٹ کے 7 مثبت کیسز میں سے 2 بیرون ملک جبکہ پانچ مقامی ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق جے این ون ویریئنٹ سے متعلق محکمہ صحت الرٹ ہے، سندھ کے تمام ڈی ایچ اوز، ٹی ایچ کیوز اور ہسپتالوں میں ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کوویڈ19 کا نیا ویریئنٹ جے این ون گزشتہ کوویڈ 19 کے جیسا طاقتور نہیں ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ کوویڈ19 کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔