امریکا: نوجوانوں میں ذہنی تناؤ کم کرنے کیلئے منشیات کا استعمال بڑی وجہ بن گیا

Published On 12 February,2024 10:50 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک ) حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ امریکی نوجوان جو کسی نہ کسی نشے میں ملوث ہیں، انہوں نے ذہنی تناؤ کو منشیات استعمال کرنے کی سب سے بڑا سبب قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محققین کی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ نئی تحقیق نوجوانوں کے لیے ذہنی صحت کی بہتر دیکھ بھال کی ضرورت پر روشنی ڈالتی ہے۔

سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی پی) کے ماہرین نے کہا ہے کہ علاج تک بہتر رسائی اور ذہنی صحت کی بہترین دیکھ بھال نوجوانوں میں منشیات استعمال کرنے کے رجحان اور اسکے نتیجے میں تناؤ کو کم کیا جاسکتا ہے۔

سینئر محقق سارہ کونولی کی قیادت میں ٹیم نے 13 سے 18 سال کی عمر کے 9ہزار500 سے زائد نوجوانوں کے 2014 سے 2020 کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جن میں سے سبھی کسی نہ کسی قسم کی منشیات استعمال کررہے تھے۔

نوجوانوں کی جانب سے مختلف اقسام کی منشیات استعمال کرنے کی اطلاع دی گئی جس میں الکوحل، چرس، درد کش ادویات، شامل تھیں۔

محققین کی جانب سے نوجوانوں سے پوچھا گیا کہ وہ کیوں منشیات استعمال کررہے تھے جس پر انہوں نے بتایا کہ زندگی میں تناؤ کو کم کرنے کیلئے انہوں نے زیادہ منشیات استعمال کی۔