ماہرین نے خوشبووں سے ڈپریشن کے مرض کا علاج ممکن قرار دے دیا

Published On 16 February,2024 11:16 pm

لندن: (ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہےکہ خوشبوؤں کے ذریعے ڈپریشن میں مبتلا افراد کا علاج کیا جاسکتا ہے۔

محققین کو تحقیق میں معلوم ہوا کہ مثبت یادوں کو فعال رکھنے میں خوشبوئیں الفاظ سے زیادہ مؤثر واقع ہوتی ہیں، جس سے ڈپریشن میں مبتلا افراد کو منفی خیالات سے چھٹکارہ پانے میں مدد ملتی ہے۔

تحقیق میں محققین نے شدید ڈپریشن میں مبتلا 18 سے55 برس کے درمیان 32 افراد کو مختلف خوشبوئیں سنگھائیں۔جن میں وکس، کافی، ناریل کے تیل، زیرے کے پاؤڈر، ونیلا ایکسٹریکٹ، لونگ، جوتوں کی پالش اور کیچپ کی خوشبوئیں شامل تھیں۔

خوشبوؤں کے حامل برتن سنگھانے کے بعد نیورو سائنس دانوں نے شرکاء کو مخصوص یادیں دہرانے کے لیے کہا اور ان یادوں کے اچھا یا برا ہونے کے متعلق پوچھا۔

تحقیق کےسربراہ کا کہنا تھا کہ ڈپریشن میں مبتلا افراد جنہوں نے جانی پہچانی خوشبو سونگھی تھیں ان میں مخصوص یاد اور واقعے کے ذہن میں آنے کے امکانات زیادہ تھے۔

جب اس طریقے کا الفاظ کے استعمال سے موازنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ خوشبوؤں کے استعمال کے سبب یادیں زیادہ واضح اور حقیقی طور پر فعال ہوئیں تھیں۔

محققین کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ بات حیرت انگیز تھی کہ ڈپریشن میں مبتلا افراد میں یادوں کو فعال کرنے کے لیے پہلے کسی نے خوشبوؤں کا استعمال نہیں کیا تھا۔