پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ہیٹ سٹروک کے خدشے کے باعث ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت میں اضافے کا خدشہ ہے، محکمہ صحت کی جانب سے ایڈوائزری جاری کردی گئی، ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے ہسپتالوں میں کول سپیسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹ قائم کرنے سمیت دیگر اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزرات صحت کے مراسلہ میں ہیٹ سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹس کا فوری قیام یقینی بنانے، ڈی ایچ اوز کو فوکل پرسنز تعینات کرنے جبکہ ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی دستیابی کےلیے اقدامات اٹھائے کی ہدایات کی گئی ہے۔
ذرائع محکمہ صحت کا مزید کہنا تھا کہ تمام متعلقہ حکام کو اضلاع کی سطح پر ہیٹ سٹروک سے متعلق آگاہی مہم چلا نے، وارڈز اور انتظار گاہوں میں ٹھنڈے پانی کا بندوبست کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔