اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) پاکستان میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، دو نئے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور بہاولپور سمیت 12 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ میں میرپورخاص، کراچی ساؤتھ ، ایسٹ اور کورنگی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی دوبارہ تصدیق ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں لکی مروت اور پشاور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ بلوچستان میں اوستہ محمد، چمن، کوئٹہ اور مستونگ کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک پاکستان کے 42 اضلاع میں پولیو وائرس پھیل چکا ہے ، دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو مہم کا بھی کل سے آغاز ہوچکا ہے جس کے تحت 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 65 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو مہم ملک کے 36 اضلاع میں مکمل طور پر جبکہ 30 اضلاع میں جزوی طور پر جاری رہے گی، جس میں اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے 23، بلوچستان کے 20، سندھ کے 16 اور پنجاب کے 6 اضلاع شامل ہیں۔