پاکستان سمیت دنیا بھر میں ینگ ڈاکٹرز کا عالمی دن منایا گیا

Published On 24 June,2024 03:46 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ینگ ڈاکٹرز کا عالمی دن منایا گیا، پاکستان میں نوجوان ڈاکٹرز کی ہڑتالوں سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 23 جون عالمی سطح پر ینگ ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اس دن کو منانے کا مقصد طبی شعبے سے جڑے ان نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ہر اول دستے کا کردار نبھایا۔

کورونا وباء ہو یا کوئی بھی ناگہانی آفت ینگ ڈاکٹرز کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، ہسپتالوں کے جنرل وارڈز کووڈ وارڈز میں تبدیل کر کے خدمات انجام دیں، ینگ ڈاکٹرز نے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کی۔

دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ حقوق کیلئے بطور احتجاج بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر عالمی دن کو منائیں گے، یاد رہے ینگ ڈاکٹرز ڈے کی بنیاد ورلڈ ینگ ڈاکٹرز آرگنائزیشن نے 2013ء میں رکھی۔