اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کردیا۔
اسلام آباد میں انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور انسداد پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے ورکرز میں شیلڈز تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا، آج انسداد پولیو کے عالمی دن پر اس مرض کے مکمل خاتمے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانا ہمارا پختہ عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہیروز نے پولیو کیخلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدا نےانہتائی مشکل حالات میں پولیو مہم میں فرائض کی ادائیگی کی، پولیو مہم میں شہید ہونے والے تاریخ میں اپنا نام رقم کرگئے، ان مجاہدوں اور ہیروز کو پاکستانی قوم یاد رکھے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے چاروں صوبوں میں 40کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، انشاءاللہ 40کیسز کو اچھے طریقے سے ہینڈل کریں گے، پولیو کے خلاف جنگ ایک چیلنج ہے جس کو ہم نے قبول کیا ہے، پولیو کے اثرات ہمارے ہمسایہ ملک افغانستان میں بھی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ انسداد پولیو کیلئے تعاون پر ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور بل اینڈ میلنڈاگیٹس فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم پولیو وائرس کا خاتمہ کریں گے، جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، بل گیٹس فاؤنڈیشن نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ بل گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ سعودی عرب نے بھی انسداد پولیو کیلئے خطیر رقم مہیا کی ہے، کراؤن پرنس محمد بن سلمان کا دل سے شکر گزار ہوں، انہوں نے کئی سو ملین ڈالرز پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے مہیا کیے، مجھے امید ہے یہ انسداد پولیو مہم کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور پولیو کو ہمیشہ کے لیے پاکستان کی سرحدوں سے باہر نکال دیا جائے گا۔