خیبر پختونخوا میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق

Published On 09 November,2024 12:11 pm

پشاور: (دنیانیوز ) خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی ، رواں سال ڈیرہ اسماعیل خان میں یہ تیسرا پولیو کیس ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈی آئی خان درازندہ یونین کونسل بہران میں  28ماہ کا ایک بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے، متاثرہ بچے کے نمونے اسلام آباد بھیجے گئے تھے، لیبارٹری نے پولیو وائرس کی تصدیق کر دی۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی، ڈی آئی خان سے3، لکی مروت ،کوہاٹ سے 2،2 مہمند، ٹانک اورنوشہرہ سے ایک،ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ سے بھی پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا ۔