سندھ کے ضلع سجاول میں 2026 کا پہلا پولیو کیس رپورٹ

سندھ کے ضلع سجاول میں 2026 کا پہلا پولیو کیس رپورٹ

حکام کے مطابق سجاول کی بیلو یونین کونسل میں چار سالہ بچے میں وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کیس کی تصدیق قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے کی۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور متاثرہ علاقے میں نگرانی اور ویکسینیشن اقدامات تیز کیے جائیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیو ایک خطرناک اور لاعلاج بیماری ہے جو بچوں میں عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے، پاکستان میں 1990 کی دہائی میں پولیو کے کیسز کی تعداد تقریباً 20 ہزار سالانہ تھی، جو کم ہو کر2025 میں 31 کیسز رہ گئی۔

حکام کے مطابق رواں سال ملک گیر پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے ہیں، جبکہ اپریل میں ایک اور ملک گیر پولیو مہم شروع کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سندھ اور جنوبی خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع اب بھی پولیو کے حوالے سے ہائی رسک قرار دیے جاتے ہیں، اس لیے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلائیں۔