خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ایم ڈی سی نے اعلان کیا ہے کہ جنگ سے متاثرہ پاکستانی طلبہ این ای بی امتحان میں شرکت کر سکتے ہیں۔
این ای بی کا امتحان 16 مئی 2026 کو راولپنڈی میں ہوگا، این ای بی امتحان کے لیے آن لائن رجسٹریشن 9 اپریل سے شروع ہو گی جبکہ آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
اہل امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر رجسٹریشن مکمل کرائیں، پی ایم ڈی سی کے تحت این ای بی امتحان سال میں دو بار منعقد کیا جاتا ہے، امتحان کمپیوٹر بیسڈ ہوگا، جس میں ملٹی پل چوائس سوالات شامل ہوں گے۔
بیرون ملک میڈیکل و ڈینٹل طلبہ، جو دو سال مکمل کرچکے اور تیسرے سال میں ہیں امتحان کے لیے اہل ہوں گے، این ای بی امتحان پاس کرنا پاکستان میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں مائیگریشن کے لیے لازمی شرط ہے۔
ایران میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کو بھی امتحان دینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، ایران میں زیر تعلیم طلبہ کو ہدایت، قانونی تقاضے مکمل کر کے بروقت رجسٹریشن کروائیں۔
پی ایم ڈی سی نے طلبہ و والدین کو بیرون ملک داخلوں سے قبل محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، سکیورٹی خدشات اور تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ طلبہ کی حفاظت اور فلاح اولین ترجیح ہے، امتحان کا مکمل شیڈول، نصاب اور سینٹرز کی تفصیل PMDC ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔