خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کو باقاعدہ میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ دے دیا گیا۔
گورنر پنجاب نے پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2003 کے تحت کالج کو میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ دینے کی منظوری دے دی، جس کے بعد محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی پر پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2003 کا اطلاق فوری طور پر ہوگا جب کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میانوالی کو بھی کالج کے ساتھ بطور اٹیچڈ ہسپتال منسلک کردیا گیا ہے۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے مریم نواز شریف میڈیکل کالج اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کے انتظامی امور چلانے کے لیے ایڈمنسٹریشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی کی تشکیل صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
چھ رکنی ایڈمنسٹریشن کمیٹی میں سیکرٹری خزانہ پنجاب، کمشنر سرگودھا ڈویژن، ڈپٹی کمشنر میانوالی اور پرنسپل مریم نواز شریف میڈیکل کالج سمیت دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی لکھا گیا کہ باقاعدہ بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام اور فعال ہونے تک ایڈمنسٹریشن کمیٹی بورڈ آف مینجمنٹ کے فرائض اور اختیارات انجام دے گی، کمیٹی فوری طور پر مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی اور منسلک ڈی ایچ کیو ہسپتال کے انتظامی معاملات کی نگرانی کرے گی۔
یوں مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی اور اس سے منسلک ڈی ایچ کیو ہسپتال کے لیے انتظامی و ادارہ جاتی ڈھانچہ باضابطہ طور پر تشکیل دے دیا گیا ہے، دونوں متعلقہ نوٹیفکیشن 15 اگست 2026 کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری کیے گئے۔