مریم نواز کا ستھرا پنجاب ورکر کو ہر ماہ 5 تاریخ سے قبل ادائیگی یقینی بنانے کا حکم

مریم نواز کا ستھرا پنجاب ورکر کو ہر ماہ 5 تاریخ سے قبل ادائیگی یقینی بنانے کا حکم

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر 151 میں سے 149 ستھرا پنجاب کمپنی کے ورکرزکو ادائیگی مکمل کر لی گئی۔

ستھرا پنجاب ورکرز کو بروقت ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اور فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، کمرشل اور رہائشی علاقوں میں ہر ماہ صفائی برقرار رکھنے والوں کو انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیزن سٹیکر دیا جائے گا، صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے گفٹ /سرٹیفکیٹ ملے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایم ڈی واساز کو روزانہ خود 2 گھنٹے فیلڈ میں جانے کا حکم دیا اور ٹی ایم او اور ایف ایم او کو روزانہ کم از کم 5 یوسی وزٹ کرنے اور صفائی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ سکواڈ متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ای بائیک پر سوار اینٹی لٹرنگ سکواڈ روڈز، گلی محلوں اور بازاروں میں مانیٹرنگ کریں گے، ستھراپنجاب ورکرز کے لئے مری کی طرز پر گاربیج بیگ ہمراہ رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کوتاہی برتنے والے افسروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہروں اور دیہات میں سٹاف اور ورکرز کی غیر حاضری کی رپورٹ کا سخت نوٹس لیا اور صفائی آپریشن میں کوتاہی اور گھپلے پر سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا، گلی محلوں اور روڈز کے اطراف خالی پلاٹس کی صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ویسٹ انکلیوژر کی ریگولر صفائی اور ٹوٹی دیواروں اور دروازوں کی مرمت، مکینیکل سویپر کی مرمت اور درستگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے روزانہ جائزہ لینے کا حکم دیا۔

اس کے علاوہ روجھان اور چوبارہ میں ورکرز کو ادائیگی نہ کرنے پر متعلقہ کمپنی کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نکاسی آب میں بہتری کے لئے ڈی سیلٹنگ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے صفائی سے متعلق عوامی شکایات فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کر دی، ستھرا پنجاب کے ایم ڈی، ایف ایم او اور ٹی ایم او کے”کے پی آئیز“ مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ستھرا پنجاب میں بری کارکردگی پر ایم ڈی ستھرا پنجاب کو 3 سال پوسٹنگ نہیں ملے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہر شہر میں ستھراپنجاب کمپنی کی رپورٹ خود بھی مانیٹرنگ کریں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب آپریشنز میں کرپشن اور کوتاہی برتنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، مرکزی سڑکوں پر گندگی سے بھرے ویسٹ انکلیوژر افسوسناک ہیں، ستھرا پنجاب ورکرز کو بروقت تنخواہ نہ دینے والی کمپنی کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کے صفائی آپریشن میں ہرروز بہتری آنی چاہیے، دفتروں میں آرام سے بیٹھ کر تنخواہیں لینے والے لوگ گوارہ نہیں، کام کرنا ہوگا، ستھرا پنجاب عوام کی سہولت، صفائی اور سوشل سروس کا قابل قدر پروگرام ہے۔