پی آئی اے کے مسافر کنفرم ٹکٹ پر شاہین اور ایئر بلیو سے سفر کرسکتے ہیں

Published On 04 Feb 2016 03:39 PM 

دونوں اداروں سے معاملات طے پا گئے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فیصلہ مسافروں کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے۔

اسلام آباد (دنیا نیوز ) ملازمین کی ہڑتال سے پریشان مسافروں کی سہولت کیلئے پی آئی اے، شاہین  اور ایئربلیو کے درمیان معاملات طے پاگئے ۔ پی آئی اے کی کنفرم ٹکٹ پر نجی ایئر لائنز سے سفر کیا جاسکتا ہے ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے شاہین اور ایئربلیو کے مابین معاملات طے پاگئے ہیں جن کے تحت کراچی ، اسلام آباد ، لاہور ، دبئی ، مسقط ، جدہ اور ریاض کے لئے جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کے کنفرم ٹکٹ ہوں وہ ایئر بلیو اور شاہین ایئر لائن کے جہازوں میں سفر کرسکتے ہیں ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ اقدام ملازمین کی ہڑتال سے متاثر ہونے والے مسافروں کی سہولت کیلئے اٹھایا گیا ہے ۔