خلاصہ
- وزیر اعظم نواز شریف سے مائیکروسوفٹ کے سربراہ بل گیٹس نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ان کو پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، وزیر اعظم کی نیدر لینڈ کی ملکہ سمیت دوسری عالمی شخصیات سے بھی ملاقات ہوئی۔
ڈیووس: (دنیا نیوز) وزیر اعظم نے ڈیوس میں مائیکروسوفٹ کے سربراہ بل گیٹس سمیت متعدد عالمی بزنس لیڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم نے بل گیٹس کو پولیو کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ 2017ء پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا سال ہو گا۔

بزنس لیڈرز سے ملاقات میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی پر کام کر رہی ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں خاطر خواہ چھوٹ دی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے سرمایہ کاروں کو سپیشل اکنامک زون کے قیام کی پیش کش بھی کی۔

عالمی بزنس لیڈرز نے پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا۔
.jpg)
وزیر اعظم نے نیدر لینڈ کی ملکہ سے بھی ملاقات کی اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب تک خطے میں امن و استحکام نہ لایا جائے گا، معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، نئے چیلنجز درپیش ہیں، نیا عالمی اتحاد بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ کا یقین بھی دلایا۔

دریں اثناء، وزیر اعظم نواز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گٹرز نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق چاہتے ہیں، بھارت نے پاکستان کی مثبت کوششوں کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔