مشن جی ٹی روڈ: نواز شریف کا قافلہ گوجرانوالہ میں داخل ہو گیا

Published On 11 Aug 2017 06:42 PM 

لوگوں کا جمِ غفیر امڈ آیا، لیگی کارکن اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب، سابق وزیر اعظم کے حق میں نعرے بازی، پھولوں کی پتیاں نچھاور

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) مشن جی ٹی روڈ کے تیسرے دن نواز شریف کا قافلہ جہلم سے گجرات پہنچا جہاں انہوں نے نماز جمعہ ادا کی اور بعد ازاں لالہ موسیٰ میں عوام سے خطاب کیا۔ اس کے بعد قافلہ دوبارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا تو راستے میں جگہ جگہ اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ لیگی رہنما اپنے پرجوش کارکنوں کے ساتھ جہلم سے گجرات پہنچے تو راستے میں کارکنوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ کارکنوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور نعرے لگائے گئے۔


اس سے پہلے صبح جب نواز شریف اپنے قافلے کے ساتھ جہلم سے لاہور کے لئے روانہ ہوئے تو کارکنوں نے جوش و خروش کے ساتھ انہیں رخصت کیا۔ روانگی سے پہلے کارکنوں نے اُس ہوٹل کے باہر خوب نعرے بازی کی اور ڈھول کی تھاپ رقص کیا جہاں رات کو سابق وزیراعظم نے رات کو قیام کیا تھا۔

ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ نواز شریف گوجرانوالہ میں وزیر دفاع خرم دستگیر کے بہنوئی کے گھر قیام کریں گے۔ اگرچہ شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں لیکن جگہ جگہ مخالفین کے بینرز نے پولیس افسران اور مقامی قیادت کو تھوڑا سا ڈسٹرب کر رکھا ہے۔