کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ عمران خان کا نیا پاکستان بنانے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ سندھ میں صوبائی حکومت پیپلزپارٹی کی ہے، کتنے دن تک ہے دیکھتے ہیں۔
کوئی الیکشن انتظامیہ کی مدد سے نہیں جیتا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گورنر ہاوس کراچی میں گرما گرم باتیں کیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات میں انکا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں کراچی کا اہم کردار ہے۔ 1970 کے بعد کراچی کو اب بڑی نمائندگی ملی ہے۔
صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کبھی فالودہ والا اور کبھی رکشے والے کے پاس سے اربوں روپے نکل آتے ہیں۔ سندھ میں حکومت پیپلزپارٹی کی ہے۔ دیکھتے ہیں وہ کتنے دن چلتی ہے۔
گورنر ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے کراچی کا انفرا اسٹرکچر بہتر ہوگا۔