واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا میں باہمی مفاد، علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے مضبوط شراکت داری ضروری ہے۔
پاکستانی وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپو کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں صدر ٹرمپ کیساتھ عمران خان کی تفصیلی ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغانستان کے سیاسی حل پر اتفاق سے علاقائی امن واستحکام کو فروغ ملے گا۔
اعلامیہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپو سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، اس مقصد کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون ہونا ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مائیک پومپو کو دہشتگردی کے خلاف حکومتی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کو خطہ میں امن کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے مائیک پومپو کو مدارس اصلاحات اور پرامن ہمسائیگی کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے جبکہ وزیراعظم نے بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات پر بھی بات کی۔