اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یورپین پارلیمنٹ کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر کا زیر بحث آنا سفارتکاری کامیابی ہے، بھارت کوششوں کے باوجود سلامتی کونسل کا اجلاس نہ رکوا سکا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بھارت او آئی سی کی آواز بھی خاموش نہیں کراسکا، بھارتی مؤقف پوری دنیا میں پٹ چکا ہے کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے، وزیراعظم عمران خان کی خلوص نیت پر مبنی سفارتکاری اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی لازوال قربانیاں پوری دنیا میں اپنا رنگ دکھا رہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا آج دنیا مظلوم کشمیریوں کے حق میں پاکستان کے ساتھ یک زبان ہو کر آواز بلند کر رہی ہے، عمران خان کی کال پر پوری قوم کا شاہراہوں پر آدھے گھنٹے کیلئے احتجاج عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا، یہ ان سب کیلئے سبق ہے جنہوں نے قوم کے سچے جذبات کا مذاق اڑایا۔