اسلام آباد: (دنیا نیوز) ریکارڈ کی عدم فراہمی پر وزیراعظم آفس نے وزارتوں کو ریڈ لیٹر جاری کر دیا، وزیراعظم آفس سے حالیہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ریڈ لیٹر جاری ہوا۔
ریڈ لیٹر 27 وزارتوں کے سیکرٹریز کو جاری کیا گیا ہے، ریڈ لیٹر آخری وارننگ اور ناپسندیدگی کی علامت ہے۔ وزیراعظم آفس نے وزارتوں سے خالی آسامیوں اور بھرتیوں سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں۔ وزیراعظم آفس نے تفصیلات کے لیے 9 ستمبر کی آخری ڈیڈلائن دے دی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ریڈ لیٹر وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ پر اثر ڈالے گا، ہر سطح پر خالی آسامیوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں، پروموشن کے اہل ہونے کے باوجود پروموشن نہ ملنے والے افسران کی تفصیل فراہم کی جائے، جن سرکاری ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی تین ماہ سے زیر التوا ہے انکی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، وزارتوں کے پاس موجود متروکہ شدہ گاڑیوں، مشینری اور دیگر سازو سامان کی تفصیلات بھی دی جائیں۔