اسلام آباد: (دنیا نیوز) مظلوم کشمریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مظفرآباد جانے کا مقصد پوری دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا کو بتاؤں گا بھارت نے کشمیر میں مسلسل محاصرہ کر رکھا ہے، جلسے میں کشمیریوں کو یقین دلاؤں گا پاکستان ان کے ساتھ ہے۔
I am going to do a big jalsa in Muzzafarabad on Friday 13 Sept, to send a message to the world about the continuing siege of IOJK by Indian Occupation forces; & to show the Kashmiris that Pakistan stands resolutely with them.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 11, 2019
خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر آور منانے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا ہر ہفتے میں ایک دن پوری قوم، ہمارے سکولز، یونیورسٹیز اور دفاتر جانے والے افراد ایک آدھے گھنٹے کے لیے نکلیں گے اور کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں گے جس سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو غیر آئینی قدم اٹھاتے ہوئے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر کے حریت قیادت اور سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کر کے گھروں یا جیلوں میں قید کر دیا۔