اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا جواب بیرسٹر قاسم نواز عباسی نے جمع کرایا، جواب میں فردوس عاشق اعوان نے ایک بار پھر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔
جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتی ہوں، پاکستان کی ہر عدالت اور جج کا بے حد احترام کرتی ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی پر یقین ہے، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اپیل پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کی، اگر مقدمے پر اثرانداز ہونے کا تاثر ملا تو بھی معافی مانگتی ہوں، عدالت یا مقدمے پر اثر انداز ہونے کی کبھی نیت بھی نہیں تھی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عدالت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ملزم کو خصوصی رعایت دینے کے لیے شام کے وقت عدالت لگائی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فردوس عاشق اعوان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔