کرتار پور راہداری کھولنے پر امریکا، اقوام متحدہ، عالمی میڈیا کا خیر مقدم

Last Updated On 09 November,2019 11:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی طرف سے جذبہ خیر سگالی کے تحت سکھ برادری کے لیے کرتار پور راہداری کھولنے کے پاکستانی فیصلے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ، اقوام متحدہ اورعالمی میڈیا کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری مذہبی آزادی کو فروغ دینے کی جانب بڑا قدم ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے سکھ یاتریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کرتارپور راہداری افتتاح پر اقوام متحدہ نے بھی خیرمقدم کیا ہے، ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ راہداری سے سکھوں کے دو مقدس مقامات کو ملا دیا گیا ہے۔ راہداری میں ویزا فری سہولت سے مذہبی ہم آہنگی کی راہ ہموار ہوگی۔

 

دوسری جانب عالمی میڈیا نے کرتارپور راہداری کھلنے پربھرپور کوریج دی، جرمن ادارے نے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر نئے اوپن پوائنٹ کا افتتاح ہو گیا، جس سے بھارتی سکھ بغیر ویزا کے پاکستان میں موجود اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے لکھا کہ سکھوں کے اہم مقدس مقام کو جانے والا راستہ بالآخر کھل گیا ہے، سکھوں کی دیرینہ خواہش کو پورا کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان اکتوبرمیں معاہدہ ہوا تھا۔

روسی نیوز ایجنسی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں موجود مقامات کی زیارت کا راستہ کھلنے پر سکھ برادری خوشی سے نہال ہے۔

الجزیرہ نے لکھا کہ بھارتی سکھوں نے پاکستان کی جانب سفر شروع کردیا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان ایک تاریخی معاہدے کے تحت شروع ہوا ہے۔