اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان شروع دن سے اس موقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں، ہمیں توقع ہے کہ امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے، پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے اداکرتا رہے گا۔
ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو افغان طالبان اور امریکا کے درمیان وفود کی سطح پر ہونیوالے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔